جنات کی شرارتوں سے حفاظت

وظائف

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی 2024ء

گھر سے جن بھگانے کا روحانی علاج

اگر کسی گھر میں جن رہتا ہو اور پریشان کرتا ہو تو سورهٔ فاتحہ اور آیۃُ الکرسی اور سورهٔ جن کی ابتدائی پانچ آیتیں پڑھ کر اور پانی پر دَم کرکے مکان کے اطراف و جوانب میں چھڑک دیں، جن مکان میں سے چلا جائے گا اور اِن شآءَ اللہ پھر نہیں آئے گا۔(جنتی زیور، ص 587)

جنات کی شرارتوں سے حفاظت

اگر کسی کے ساتھ جنات کی شرارتیں ہوں، جنات آپ کو تنگ کرتے ہوں، چیزیں اٹھا کر لے جاتے ہوں، غائب کردیتے ہوں، کپڑے پھٹ جاتے ہوں، سامان کے نقصانات کا سامنا ہو، جسم بھاری ہو رہا ہو، سینے پر دباؤ یا کندھوں پر وزن محسوس ہو تا ہو، نیند اڑ چکی ہو، ڈراؤنے خواب دکھائی دیتے ہوں یا خواب میں سانپ بچھو، چھپکلیاں نظر آئیں یا برے خواب یا گھر میں خون کے چھینٹے نظر آتے ہوں توآ پ سورۃ البقرۃ کی تلاوت کیجئےاور اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا کیجئے۔جس گھر میں اس کی تلاوت کی جائے وہاں سے شریر جنات بھاگ جاتے اور اس طرح کی علامات بھی ختم ہوجاتی ہیں۔

ایک جمعہ سے دوسرے جمعہ تک حفاظت

جو شخص جمعہ کے بعد سورۂ فاتحہ،سورۂ اخلاص اور سورۂ فلق و ناس سات سات بار پڑھ لے تو اگلے جمعے تک اس کی حفاظت کی جائے گی۔

حضرت سیدنا وکیع رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں کہ ہم نے اس کا تجربہ کیا اور اسی طرح پایا۔(شعب الایمان،2/518،حدیث:2577-فضائل القرآن لابن الضریس، 1/123،رقم:290)

سُوجن کاروحانی علاج

اگر بدن پر کہیں وَرَم یعنی سُوجن ہوگئی ہو تو لَااِلٰہَ اِلَّا اللہُ 67بار لکھ (یا لکھوا)کر اپنے پاس رکھئے یا تعویذ بنا کر پہن لیجئے، اِن شآءَ اللہ وَرَم دُور ہو جائے گا۔(بیمار عابد،ص37)


Share