دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا حسین علاؤ الدین عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی 2024ء


کنز المدارس بورڈ کے تحت اسلام آباد میں

Convocation Ceremonyکا انعقاد

کنزالمدارس بورڈ پاکستان کی جانب سے 9 مئی 2024ء کو پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں Convocation Ceremony کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں دارُالافتاء اہلسنت کے مفتیانِ کرام، علمائے کرام، اراکینِ شوریٰ، جامعۃُ المدینہ و مدرسۃُ المدینہ کے اراکین و ذمہ داران، طلبۂ کرام، اساتذۂ کرام اور طالبات کے سرپرستوں سمیت مختلف شعبہ جات سے وابستہ شخصیات و عاشقانِ رسول کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔تلاوت و نعت سےاس تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد رکنِ شوریٰ حاجی عبد الحبیب عطّاری نے کنز المدارس بورڈ کی سالانہ کارکردگی بیان کی اور بورڈ کے قیام، اغراض و مقاصد سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ تقریب میں خصوصی بیان شیخ الحدیث والتفسیر مفتی محمد قاسم عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے فرمایا جس میں ”علمِ دین کی فضیلت“ اور دینی مدارس کی اہمیت و افادیت پر گفتگو کی جبکہ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے خصوصی بیان کیا اور شُرَکا کو سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اسوۂ حسنہ کے بارے میں بتاتے ہوئے انہیں سیرِتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا ذہن دیا۔ تقریب میں2022ءتا2023ء میں حفظِ قراٰن، تجوید و قراءت، درسِ نظامی اور تخصصات میں1st,2nd,3rdپوزیشن حاصل کرنے والے اسٹوڈنٹس کو مفتیانِ کرام اور اراکینِ شوریٰ کے ہاتھوں سرٹیفکیٹ اور شیلڈز تحفے میں دی گئیں جبکہ مفتی محمد قاسم عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی سمیت دیگر مفتیانِ کرام کو Guest of Honour پیش کیا گیا۔

ملاوی افریقہ میں ”189 غیر مسلموں“ کا قبولِ اسلام

دینِ اسلام کے پیغام کو عام کرنے کیلئے دعوتِ اسلامی کے مبلغین پچھلے دِنوں ملاوی میں جھیل کے ساحل کے قریب کیپ میکلیر (Cape Maclear) پہنچے جہاں انہوں نے نیکی کی دعوت کیلئے اجتماع کا انعقاد کیا جس میں کثیر اہلِ علاقہ نے شرکت کی۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی نے حاضرین کے سامنے اسلام کی تعلیمات، اسلام کی حقانیت اور اہمیت بیان کی اور بیان کے اختتام پر شُرَکا کو اسلام قبول کرنے کی دعوت پیش کی۔ اسلامی تعلیمات سے متأثر ہوکر یکدم ایک مجمع کھڑا ہوا اور مبلغِ دعوتِ اسلامی کے ہاتھ پر اپنے سابقہ مذہب سے توبہ کرتے ہوئے 189افراد کلمہ پڑھ کر دائرۂ اسلام میں داخل ہوگئے۔

فیضانِ مدینہ کراچی میں ”افتتاحِ بخاری شریف“ کا سلسلہ

20 اپریل 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں”اجتماعِ افتتاحِ بخاری شریف“کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی طور پر دورۃُ الحدیث اور جامعۃُ المدینہ کے دیگر طلبۂ کرام سمیت مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ پروگرام میں مدنی چینل کے ذریعے ملک و بیرونِ ملک کے عاشقانِ رسول بھی شریک ہوئے۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسول سے ہوا، اس کے بعد امیر اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بخاری شریف کی پہلی حدیثِ پاک کا درس دیتے ہوئے شرح بیان فرمائی اور علمِ دین حاصل کرنے کے حوالےسے وعظ و نصیحت کرتے ہوئے مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

کراچی میں پانچویں ”دورۃ ُالحدیث شریف“ کا افتتاح

شعبہ جامعۃُ المدینہ بوائز کی کاوشوں سے 4مئی2024ء کو نارتھ کراچی میں پانچویں دورۃُ الحدیث شریف کا افتتاح کردیا گیا۔ اس افتتاحی تقریب میں مفتیانِ کرام، اساتذۂ کرام و طلبہ سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی۔ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کیا اور طلبہ کو حرام اور حلال کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ تقریب میں امیرِ اہلِ سنت کا آڈیو پیغام بھی سنایا گیا جس میں آپ نے دورۃُ الحدیث شریف کے افتتاح پر طلبہ کو مبارکباد دی۔

کاہنہ نَو لاہور میں دارُالافتاء اہلِسنّت کی نئی برانچ کا افتتاح

دارُالافتاء اہلسنّت (دعوتِ اسلامی) کے تحت مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کاہنہ نَو لاہور میں دارُالافتاء اہلسنّت کی نئی برانچ کا افتتاح ہوا۔ افتتاحی تقریب میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری اور مفتی محمد ہاشم خان عطّاری سمیت مفتیانِ کرام، اراکینِ شوریٰ اور کثیر تعداد میں مختلف شخصیات و عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ نگرانِ شوریٰ نے بیان کرتے ہوئے عاشقانِ رسول کو مبارکباد دی اور انہیں شرعی مسائل کے حوالے سے مفتیانِ کرام سے راہنمائی حاصل کرنے کا ذہن دیا۔ واضح رہے کہ عاشقانِ رسول صبح10:30تاشام4:30 تک دارُالافتاء اہلسنّت سے رابطہ کرکے راہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

اپریل   2024ء میں امیر اہل سنت کی جانب سے

جاری ہونے والے   پیغامات کی تفصیل

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مارچ 2024ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃ العلمیۃ  (اسلامک ریسرچ سینٹر،دعوتِ اسلامی) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر “ کے ذریعے تقریباً 2946 پیغامات جاری فرمائے جن میں 486 تعزیت کے، 2338 عیادت کے جبکہ 122 دیگر پیغامات تھے۔ان پیغامات کے ذریعے امیرِ اہلِ سنّت نے بیماروں سے عیادت کی، انہیں بیماری پر صبر کا ذہن دیا  جبکہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت  کرتے ہوئے  مرحومین کی مغفرت  اور بلندیٔ درجات  کے لئے دعائیں کیں۔ 

ہفتہ وار رسائل کی کارکردگی (اپریل  2024ء)

شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور آپ کے خلیفہ حضرت مولانا عبید رضا عطّاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے/ سننے کی ترغیب دلاتے اور  پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں، اپریل  2024ء میں دیئے گئے 4مَدَنی رَسائل کے نام اور ان کی کارکردگی پڑھئے: (1)107سنتیں اور آداب: 27لاکھ، 52 ہزار 128 (2)امیرِ اہل ِ سنّت سے عید کے بارے میں 23سوالات: 14لاکھ، 74ہزار297 (3)گانوں کی تباہ کاریاں: 25 لاکھ، 83ہزار 489  (4) بنی اسرائیل کی تباہی کے اسباب: 25 لاکھ، 63ہزار 14۔

دعوتِ اسلامی کے مختلف دینی کاموں کی جھلکیاں

* دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 5مئی 2024ء کو عظیم الشان حج تربیتی اجتماع و محفلِ مدینہ کا انعقاد کیا گیا جس میں عازمینِ حج اور کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ حج تربیتی اجتماع میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدُالحبیب عطّاری نے شُرَکا کو حج کے ارکان اور دیگر اہم معلومات کے بارے میں آگاہی فراہم کی جبکہ محفلِ مدینہ میں امیر ِاہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بیان کیااور عازمینِ حج کو حاضری مکہ و مدینہ کے آداب سکھاتے ہوئے اَہم امور پر راہنمائی کی۔ * 23 اپریل2024ء کو استاذُالعلماء شیخُ الحدیث مفتی محمد اسماعیل ضیائی صاحب  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ، استاذُالعلماء مفتی رفیق عباسی صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور دارُالعلوم امجدیہ کراچی کے دیگر علمائے کرام کی امیر ِاہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے گھر تشریف آوری ہوئی۔ امیر ِاہلِ سنّت نے تمام علمائے کرام کو اپنے گھر خوش آمدید کہا۔ دورانِ ملاقات علمائے کرام کے ساتھ مختلف علمی موضوعات پر گفتگو کا سلسلہ رہا۔ * 5مئی2024ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور میں 12ماہ مکمل کرنے والے عاشقانِ رسول کیلئے تقسیمِ اسناد اجتماع ہوا۔ رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نے سنّتوں بھرا بیان کیااور شُرَکا کو دینی کاموں کی دھومیں مچانے کی ترغیب دلائی، اختتام پر 12 ماہ مکمل کرنے والے عاشقانِ رسول کو سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ * رکنِ شوریٰ مولانا حاجی محمد جنید عطّاری مدنی نے فیصل آباد ایگزیکٹو ٹاؤن میں جامعۃُ المدینہ گرلز اور رکنِ شوریٰ حاجی قاری سلیم عطّاری نے ملتان بہاولپور بائی پاس کے قریب مسجد ”فیضانِ غوثِ اعظم“ کا افتتاح کیا۔ اراکینِ شوریٰ نے ان کی تعمیرات میں ہر طرح سے تعاون کرنے والوں کے لئے دُعائیں کی اور اس موقع پر موجود عاشقانِ رسول کو علمِ دین حاصل کرنے اور زیادہ سے زیادہ نیکیاں کرنے کی ترغیب دلائی۔ * افریقی ملک Ghana کے شہر Accra میں چیف امام ڈاکٹر عثمان شاروبوتو تیجانی شافعی حفظہ اللہ سے ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے دیگر اسلامی بھائیوں کے ہمراہ اُن کی رہائش گاہ پر جاکر ملاقات کی۔ ملاقات میں نگرانِ Ghana کابینہ نے چیف امام و سیکریٹری سمیت چیف امام صاحبان کو دعوتِ اسلامی کے تحت Ghana سمیت دیگر افریقی ممالک اور عالمی سطح پر ہونے والی دینی و فلاحی خدمات کے بارے میں بتایا جس کو انہوں نے سراہا اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دعوتِ اسلامی کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے

news.dawateislami.net

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code