والدین کے کام

ماں باپ کے نام

والدین کے کام 

* ڈاکٹرظہوراحمددانش  عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی 2024ء

والدین اور بچوں کا ایک عظیم تعلق ہے۔یہاں بچوں کے حوالے سے والدین کی جو بنیادی ذمہ داریاں ہیں وہ بیان کی جارہی ہیں تاکہ والدین کو آگاہی حاصل ہو اور ذمہ داریوں کا احساس بھی۔

پرورش( Nurturing) والدین کی اہم ذمہ داری بچوں کی جسمانی اور جذباتی پرورش کرناہے۔بچوں کی بنیادی ضروریات جیسے خوراک، رہائش اور پیار کو پورا کرنا وغیرہ بھی والدین کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل  ہیں تاکہ وہ  ایک محفوظ اور معاون ماحول  میں پرورش پاکر پروان چڑھ سکیں ۔

راہنمائی(Guidance) والدین کو چاہئے کہ اپنے بچّوں کی زندگی کے مختلف مراحل میں راہنمائی، مشورے دینے، حدود طے کرنے اور اقدار و اخلاق کی تعلیم دینے میں بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ یہ راہنمائی بچوں کو غلط سے صحیح سیکھنے اور ذمہ دار بننے میں مدد گار ہوگی۔

نظم و ضبط(Discipline) والدین کی ایک اہم ذمہ داری یہ بھی ہے کہ وہ بچوں کو نظم و ضبط سکھائیں۔انہیں دوسروں کے ساتھ خوش اُسلوبی سے پیش آنے  اور معاشرے میں جینے وغیرہ کے اصول سے آگاہ کریں ۔

تعلیم(Education) والدین کی یہ ذمہ داری بھی ہے کہ وہ بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کریں۔ان کی فکری نشوونما اور مستقبل کے تعین اور ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کے لئے ایجوکیشن  کے حصول کے وسائل و ذرائع اور ماحول فراہم کریں۔ بچّوں کی اسکولنگ، ہوم ورک میں مدد کرنا،  اساتذہ کے ساتھ بات چیت  کرنا  اور شعبہ تعلیم کا تعین کرنا والدین کی ڈیوٹی میں شامل ہے ۔

جذباتی مدد (Emotional support) والدین سے زیادہ بچّوں کے جذبات کوئی بھی نہیں جانچ سکتا۔چنانچہ والدین بچوں کے جذبات کو سمجھ کر انہیں  اپنے خونی رشتوں ،مذہبی وابستگی اور معاشرتی تعلق داری کے بارے میں  ضرور آگاہی دیں۔بچوں کے احساسات اور جذبات پر بھرپورتوجہ رکھیں۔

حوصلہ افزائی(Encouragement) والدین کی ذمہ داری  ہے کہ اپنے بچوں کو اپنی دلچسپیاں تلاش کرنے، اپنے اہداف حاصل کرنے اور خود پر یقین کرنے کی ترغیب دلائیں۔ حوصلہ افزائی بھی کرتے رہیں کہ یہ بچوں کی خود اعتمادی کو بڑھاتی ہے، انہیں رکاوٹوں پر قابو پانے اور اپنی صلاحیتوں تک پہنچنے کے لئے بااختیار بناتی ہے۔

مثالیں قائم کرنا(Setting examples) والدین اپنے بچوں کے لئے رول ماڈل کے طور پر کام کرتے ہیں، لہٰذا انہیں چاہئے کہ بچوں کو زندگی کے نشیب و فراز سکھانے کے لئے اپنے کردار کی مثالیں قائم کریں۔

یہ باتیں والدین اور بچوں کے تعلق سے بنیادی ہیں جن کا جانناہمارے لئے اور ہماری نسلوں کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتاہے۔ والدین کو چاہئے کہ اپنی ذمہ داری کو سمجھ کر اپنی اولادوں  کی تعمیر کریں ۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* مدنی چینل فیضانِ مدینہ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code