واش روم کی احتیاطیں

آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

واش روم کی احتیاطیں

*مولانا محمد جاوید عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل 2025

 اللہ پاک کے پیارے اور آخری نبی محمد عربی  صلَّی  اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے   فرمایا:  

اِنَّمَا اَنَا لَكُمْ مِثْلُ الْوَالِدِ اُعَلِّمُكُمْ اِذَا ذَهَبَ اَحَدُكُمْ اِلَى الْخَلَاءِ، فَلَا يَسْتَقْبِلِ ‏الْقِبْلَةَ وَلَا يَسْتَدْبِرْهَا، وَلَا يَسْتَنْجِ بِيَمِينِهٖ

یعنی میں تمہارے لئے والد کی حیثیت رکھتا ہوں، تمہیں سکھاتا ہوں کہ جب بیت الخلاء (یعنی واش روم) جاؤ تو قبلہ کی طرف   نہ منہ کرو اور نہ ہی  پیٹھ  اور نہ ہی  سیدھے ہاتھ سے اِستنِجا کرو۔  ([1])

پیارے بچو! حضور نبیِّ رحمت  صلَّی  اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہمارے لئے  ایک باپ کی طرح ہیں کہ جس طرح والد اپنے بچوں کی ہر حوالے سے تربیت کرتا ہے ، انہیں رہن سہن کے طور طریقے بتاتا ہے، اسی طرح بلکہ اس سے بھی بڑھ کر  نبیِّ کریم  صلَّی  اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہمیں دین و دنیا کی باتیں سکھاتے ہیں۔

نبیِّ کریم  صلَّی  اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے  ہمیں قراٰن، نماز، وضو، صفائی ستھرائی، والدین کی عزّت، بڑوں کا ادب و احترام سکھایا اور  ہماری ہر طرح سے تربیت فرمائی ہے،   یہاں تک کہ  استنجا کی احتیاطیں بھی سکھائی ہیں۔ پیارے نبی  صلَّی  اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اس فرمان سے ہمیں سیکھنے کو ملتا ہے کہ

جب واش روم جائیں تو استنجا کرتے وقت اور اسی طرح کپڑے وغیرہ تبدیل کرتے اور نہاتے وقت اس بات کا  لازمی خیال رکھیں کہ خانہ کعبہ کی طرف  منہ یا پیٹھ ہر گز نہ ہو۔

*اپنے گھر کے علاوہ بھی کہیں جائیں تو خانہ کعبہ کی سمت کا معلوم کرلیں  اور  استنجا وغیرہ کرتے وقت خیال رکھیں۔

*استنجا  کرنے کے  لئے سیدھا ہاتھ استعمال نہ کریں۔

* واش روم جانے کی دعا بھی یاد کریں اور واش جانے سے پہلے پڑھیں:   اَللّٰهُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُ بِكَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَائِثِ یعنی یا اللہ ! میں ناپاک جِنّوں  (نرومادہ) سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔([2])

*اور جب باہر آجائیں تو یہ دعا پڑھیں: اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَذْھَبَ عَنِّی الْاَذٰی وَعَا فَانِیْ  یعنی  سب خوبیاں  اللہ  کے لئے ہیں جس نے مجھ سے تکلیف دہ چیز کو دور کیا اور مجھے  راحت بخشی۔([3])

* یاد رہے یہ دعائیں واش روم سے باہر پڑھنی ہیں، اندر جا کر اس طرح کی کوئی دعا یا مقدس کلمات  ہرگز نہ پڑھیں۔

 اللہ پاک ہمیں احادیث مبارکہ  پڑھ کر، سمجھ کر ، عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی



([1]) نسائی، ص15، حدیث: 40

([2]) بخاری،1/83، حدیث: 142

([3]) ابن ماجہ، 1/193، حدیث: 301


Share