
بزرگانِ دین کے مبارک فرامین
*مولانا ابوشیبان عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل 2025
باتوں سے خوشبو آئے
مالداری سے بڑی دولت دینداری
بادشاہوں کے دروازوں سے دور رہو کیونکہ تمہیں ان کی دُنیا سے جو چیز حاصل ہوگی اس سے افضل چیز انہیں تمہاری آخرت سے حاصل ہوگی۔ (ارشادِ حضرت ابنِ عباس رضی اللہُ عنہما )(مواعظ الصحابۃ، ص 369)
مثبت خیالات کے ثمرات
نیکی کے بارے میں سوچ بچار، نیکی کرنے کی طرف راغب کرتی ہے جبکہ برائی پر شرمساری برائی سے باز آنے کی دعوت دیتی ہے۔(ارشادِ حضرت ابنِ عباس رضی اللہُ عنہما)(مواعظ الصحابۃ، ص 369)
وائے محرومی
جس شخص کو تین چیزوں اسلام ،قراٰن اور بڑھاپے سے عبرت حاصل نہ ہو اسے کسی چیز سے عبرت حاصل نہیں ہوسکتی۔ (ارشادِ عبد العزیز بن ابی روّاد رحمۃُ اللہِ علیہ ) (مواعظ الصالحین و الصالحات،ص 360)
احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی
گناہوں کو مٹانے والی نفیس چیز
سچی توبہ اللہ عَزّوَجَلّ نے وہ نفیس شیٔ بنائی ہے کہ ہر گناہ کے ازالہ کو کافی و وافی ہے، کوئی گناہ ایسا نہیں کہ سچی توبہ کے بعد باقی رہے یہاں تک کہ شرک و کفر(بھی سچی توبہ سے معاف ہوجاتے ہیں)۔(فتاویٰ رضویہ، 21 / 121)
عمل دعوۂ محبت کا معیار ہے
زبان سے سب کہہ دیتے ہیں کہ ہاں ہمیں اللہ و رسول کی محبت و عظمت سب سے زائد ہے مگر عملی کارروائیاں آزمائش کرادیتی ہیں کہ کون اس دعوے میں جھوٹا اور کون سچا!(فتاویٰ رضویہ، 21 / 177)
اسلام کی عظمت و شوکت
شوکتِ اسلام، اطاعتِ اسلام میں ہے۔ (فتاویٰ رضویہ، 8 / 122)
عطّار کا چمن، کتنا پیارا چمن!
عبادت کا اظہار نہ کرنے میں ہی عافیت ہے
اپنی عبادت کا اظہار کرنے والے کو اپنے دل پر ضرور غور کرنا چاہئے کیونکہ بدنیتی اسے ریاکار بنا دے گی۔(مدنی مذاکرہ ، 17 ربیع الاول 1443 ھ)
کسی کو رِیاکار مت کہئے
اگربِالفرض کوئی شخص واقعی رِیاکاری کر بھی رہا ہو تو بھی اسے رِیا کار مت کہئے کیونکہ کوئى اىسا آلہ یامشین نہیں جس سے کسی کے دل میں رِیا کا پتا چلایا جاسکے۔(مدنی مذاکرہ ، 17 ربیع الاول 1443 ھ)
دل کا علاج اہلِ دل کے پاس ہے
دل کا علاج اہلِ دل کے پاس ہوتاہے ىعنى جو نىک، پرہىزگار، صاحبِ علم، سچا عاشقِ رسول، خوش عقىدہ سنى ، تمام صحابۂ کرام کا ماننے والا، اىک بھى صحابى پر تنقىد نہ کرنے والا، سب اہلِ بىت کا اور تمام اولىائے کرام کا عقیدت مند ہو تو اس کى صحبت سے دِلوں کا زنگ اور مىل بھى اترے گا، دل کى کالک بھى دھلے گى اور دل کى سختى بھى دور ہوگى، مردہ دل بھى جى اُٹھے گا۔(مدنی مذاکرہ، 17 ذو القعدہ 1445)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments