دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تری دھوم مچی ہے!

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا عمر فیاض عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر 2024

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام کورنگی میں عظیمُ الشان اجتماع

ہزاروں عاشقانِ رسول کی شرکت

دعوتِ اسلامی کے زیرِاہتمام یکم ستمبر 2024ء کو مرکزی عیدگاہ گراؤنڈ کورنگی ساڑھے3نمبر میں عظیمُ الشان اجتماع منعقد کیا گیا۔ اجتماع میں کراچی بھر سے بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی جبکہ لاکھوں عاشقانِ رسول مدنی چینل کے ذریعے اجتماع میں گھر بیٹھے شریک ہوئے۔تلاوت و نعت کے بعد نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اُسوۂ حسنہ“ کے موضوع پر خصوصی بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلمان جس ملک میں بھی رہیں کردارِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فالو کریں، اپنے کردار کو ہمیشہ ستھرا رکھیں۔ جھوٹ نہ بولیں، دھوکا نہ دیں، بددیانتی نہ کریں، امانت ادا کریں، وعدہ پورا کریں، شرافت کے ساتھ جیئیں، اللہ پاک نے چاہا تو اس کی برکت سے غیر مسلم بھی دین کے قریب آئیں گے۔ نگرانِ شوریٰ نے تاجدارِ ختمِ نبوت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے آخری نبی ہونے کے متعلق روایات بیان کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ ختمِ نبوت ہر ایک مسلمان کا بنیادی عقیدہ ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں۔ اجتماع کے آخر میں نگرانِ شوریٰ نے دعا کروائی جبکہ صلوٰۃ و سلام پر یہ عظیمُ الشان اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔

ہیوسٹن امریکا میں Graduation Ceremony کا انعقاد

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں 4 اگست 2024ء کو جامعۃُ المدینہ کے تحت ”Graduation Ceremony“ کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں شیخُ الحدیث والتفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”علم اور علما کی اہمیت و فضیلت“ پر خصوصی بیان کیا۔ اس موقع پر بذریعہ ویڈیو لنک نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے بھی نیکی کی دعوت دی اور فارغُ التحصیل ہونے والے طلبۂ کرام کو مبارکباد پیش کی۔تقریب میں طلبہ نے عربی و انگلش میں بیانات کئے۔اختتام پر مفتی محمد قاسم عطاری نے جامعۃُ المدینہ سے گریجویٹ ہونے والے 8مدنی علمائے کرام کے سروں پر دستار سجائی اور انہیں سرٹیفکیٹس بھی دیئے۔

برمنگھم UKمیں تقسیمِ اسناد اجتماع کا انعقاد

ناظرہ قراٰنِ کریم مکمل کرنے والے 79بچوں کو اسناد دی گئیں

دعوتِ اسلامی کے تحت سال 2024ء میں اب تک برمنگھم UK کے 79بچوں نے ناظرہ قراٰنِ پاک مکمل کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 20 اگست 2024ء کو Birmingham, UKمیں قائم مدرسۃُ المدینہ کی 4 برانچز سے قراٰنِ کریم ناظرہ مکمل کرنے والے 79 بچوں کے لئے تقسیمِ اسناد اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی خالد عطاری، سیّد فضیل رضا عطاری (Head of Wales & FGRF UK)، سیّد عمار عطاری (Head of West Midlands Region UK)، حاجی حفیظ عطاری (Head of Madrasa-Tul-Madina UK) اور دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور بچوں کو اسناد دیتے ہوئے اُن کے درمیان انعامات تقسیم کئے۔

دعوتِ اسلامی کے مختلف دینی کاموں کی جھلکیاں

*جلالپور جٹاں پنجاب میں مدرسۃُ المدینہ فیضانِ صدیقِ اکبر کا افتتاح ہوا۔ اس سلسلے میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی اظہر عطاری نے ”مدارس کی اہمیت“ پر سنّتوں بھرا بیان کیا۔ *شیخوپورہ پنجاب کے علاقے قلعہ ستار شاہ میں ”جامع مسجد رضیہ طفیل“ اور اس سے متصل ”مدرسۃُ المدینہ و جامعۃُ المدینہ“ کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا۔ *پریس کلب میرپورخاص میں محفلِ نعت کا سلسلہ ہوا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد اطہر عطاری نے ”ذِکرُاللہ کے فضائل“ پر بیان کیا اور شرکا کو دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں کا تعارف بھی پیش کیا۔ *شعبہ مدنی قافلہ کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں26 دن کا امیر مدنی قافلہ کورس ہوا جس میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ کورس میں شریک عاشقانِ رسول کو  12دینی کام، انفرادی کوشش اور علاقائی دورہ کا طریقہ سکھایا گیا۔ اختتامی نشست میں رکنِ شوریٰ حاجی سیّد لقمان عطاری نے امیرِ قافلہ اور مبلغ کو کیسا ہونا چاہئے؟ کے حوالے سے شرکا کی راہنمائی کی اور باطنی بیماریوں کے متعلق معلومات فراہم کی۔ *نمپولا، موزمبیق کی ڈسٹرکٹ Rapale میں دعوتِ اسلامی کے تحت سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی افریقن اسلامی بھائیوں سمیت ذمہ دار اسلامی بھائیوں کی کثیر تعداد میں شرکت ہوئی۔ نگرانِ نمپولا نے سنتوں بھرا بیان کیا جس کا مبلغِ دعوتِ اسلامی نے مقامی زبان میں خلاصہ بیان کیا۔ *نیویارک کے سٹی Bronx میں دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں شیخ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنّتوں بھرا بیان کیا جس میں انہوں نے حضور خاتم النبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شان و عظمت کو واضح کیا۔ *مدنی مرکز فیضانِ مدینہ ڈھرکی سندھ میں شعبہ محبتیں بڑھاؤ کے تحت سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں نئے پرانے ذمّہ داران اور مقامی عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد امین عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے وہاں موجود اسلامی بھائیوں کو دینی ماحول سے وابستہ رہنے اور 12دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دلائی۔

ہفتہ وار رسائل کی کارکردگی (اگست 2024ء)

شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور آپ کے خلیفہ حضرت مولانا عبیدرضا عطاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے/سننے کی ترغیب دلاتے اور پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں،اگست 2024ء میں دیئے گئے 4مَدَنی رَسائل کے نام اور ان کی کارکردگی پڑھئے: (1)نماز سے توجہ ہٹانے والی چیزیں: 28لاکھ، 12ہزار164 (2)امیرِ اہلِ سنّت سے بدشگونی کے بارے میں 20سوال جواب: 27لاکھ، 97ہزار 141(3)کھانے میں برکت پانے کے طریقے: 30لاکھ، 4ہزار 915 (4)بڑھاپے میں یادِ خدا: 28 لاکھ، 75 ہزار 89۔

اگست 2024ء میں امیر اہل سنت کی جانب سے

جاری کئے گئے پیغامات کی تفصیل

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے اگست 2024ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر، دعوتِ اسلامی) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر“ کے ذریعے تقریباً2867پیغامات جاری فرمائے جن میں443تعزیت کے، 2243 عیادت کے جبکہ 181 دیگر پیغامات تھے۔ ان پیغامات کے ذریعے امیرِ اہلِ سنّت نے بیماروں سے عیادت کی، انہیں بیماری پر صبر کا ذہن دیا جبکہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مغفرت اور بلندیِ درجات کی دعا کی۔

دعوتِ اسلامی کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے

news.dawateislami.net

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*(ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز،المدینۃ العلمیۃ کراچی)


Share