کم سن صحابہ کرام
حضرت محمود بن لَبید اورحضرت عبد الرحمٰن بن اَبزی رضی اللہُ عنہما
*مولانا اویس یامین عطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2025
جن خوش نصیبوں کو کم سنی میں اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا صحابی ہونے کا شرف حاصل ہوا اُن میں حضرت محمود بن لَبید اور حضرت عبدالرحمٰن بن اَبزی رضی اللہُ عنہما بھی شامل ہیں، آئیے! ان کی مختصر سیرت پڑھ کر اپنے دِلوں کو محبتِ صحابۂ کرام سے سرشار کرتے ہیں:
حضرت محمود بن لَبید انصاری رضی اللہُ عنہما
آپ رضی اللہُ عنہ کا شمار کم سِن صحابہ میں ہوتا ہے، آپ رضی اللہُ عنہ کے والد کا نام حضرت لَبید اور والدہ کا نام حضرت اُمِّ منظور ہے، رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی حیاتِ مبارکہ میں آپ رضی اللہُ عنہ مدینۂ منورہ میں پیدا ہوئے۔ ([i])
حضرت محمد بن عیسیٰ ترمذی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں کہ حضرت محمود بن لبید رضی اللہُ عنہما نے نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا زمانہ پایا اور آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی زیارت بھی کی ہے، اس وقت آپ چھوٹے لڑکے تھے۔([ii])
روایاتِ احادیث: آپ رضی اللہُ عنہ سے احادیث مبارکہ بھی مروی ہیں۔([iii])
اللہ پاک کی اپنے بندے سے محبت: ایک روایت میں آپ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں کہ رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: بے شک اللہ پاک اپنے بندے کو جس سے وہ محبت کرتا ہے دنیا سے ایسے بچاتا ہے جیسے تم اپنے مریض کو کھانے پینے سے اس خوف سے بچاتے ہو کہ کھانے کی صورت میں بیمار ہوجائے گا۔([iv])
وصال:حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے وصالِ ظاہری کے وقت آپ رضی اللہُ عنہ 13سال کے تھے، آپ رضی اللہُ عنہ نے 96ھ میں مدینۂ منورہ میں وفات پائی۔([v])
حضرت عبد الرحمٰن بن اَبزی خُزاعی رضی اللہُ عنہ
آپ رضی اللہُ عنہ کا شمار کم سِن صحابہ میں ہوتا ہے،([vi])آپ رضی اللہُ عنہ کو رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پیچھے نماز پڑھنے کا شرف حاصل ہے۔ ([vii])
روایاتِ احادیث: آپ رضی اللہُ عنہ سے 12احادیثِ مبارکہ مروی ہیں۔([viii])
وِتر کی نماز میں کون سی سورتیں پڑھیں؟ ایک روایت میں آپ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں کہ نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم وِتْر کی نماز میں (پہلی رکعت میں) سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْاَعْلَىۙ(۱)، (دوسری رکعت میں) قُلْ یٰۤاَیُّهَا الْكٰفِرُوْنَۙ(۱) اور (تیسری رکعت میں) قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱) کی تلاوت کیا کرتے تھے۔([ix])
وصال: آپ رضی اللہُ عنہ نے 71ھ میں کوفہ میں وفات پائی۔([x])
اللہ پاک کی ان پر رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری بےحساب مغفرت ہو۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments