بزرگانِ دین کے مبارک فرامین
*مولانا ابو شیبان عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2025
باتوں سے خوشبو آئے
خوش بختی کی علامات
چار چیزیں انسان کی خوش بختی کی علامت ہیں: (1)بیوی مزاج کے مطابق ہو (2)اولاد فرماں بردار ہو (3)دوست احباب نیک ہوں (4)روزگار اپنے ہی شہر میں ہو۔(فرمانِ حضرت ابو حاتم رحمۃُ اللہِ علیہ-روضۃ العقلاء، ص 101)
محنت کا صحیح مصرف
بناوٹی انداز اپنانے میں نہیں بلکہ بناوٹی انداز چھوڑنے میں محنت کیا کرو۔ (فرمانِ حضرت بشر بن حارث رحمۃُ اللہِ علیہ)(طبقات الصوفیۃ للسلمی، ص 47)
صبر ہو تو ایسا
صبر کا مطلب یہ ہے کہ تم اس زمین کی طرح بن جاؤ جو پہاڑوں کا، تمام انسانوں کا اور جو کچھ اس پر ہے ان تمام چیزوں کا بوجھ برداشت کرتی ہے، نہ انکار کرتی ہے اور نہ اسے مصیبت کہتی ہے بلکہ اسے اپنے ربّ کی نعمت اور عطیہ سمجھتی ہے۔
(فرمانِ حضرت ابو الحسن سری سقطی رحمۃُ اللہِ علیہ)(حلیۃ الاولیاء، 10/124)
احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی
صلح میں فریقین کی رضاکی حیثیت
صلح اگر برضا ہے تو عند اللہ بھی ہوگئی اور دَب کر ہے تو دنیا میں ہوئی آخرت میں مطالبہ باقی ہے۔ (فتاویٰ رضویہ، 19/ 128)
کسی خوش فہمی میں مت رہو
آدمی ہر وقت موت کے قبضےمیں ہے، مَدْقُوْق(یعنی مریض) اچھا ہوجاتاہے اور وہ جو اُس کے تیمار(یعنی بیمارپُرسی) میں دوڑتا تھا اُس سے پہلے چل دیتا ہے۔(فتاویٰ رضویہ، 9/ 81)
باپ کی اہمیت
جو حیاتِ پدر (باپ کی زندگی) میں اپنا مستقل اختیار رکھنا چاہتا ہے، بدوضع و آوارہ و ناسعادت مند گِنا جاتا ہے۔(فتاویٰ رضویہ، 19/ 195)
عطّار کا چمن، کتنا پیارا چمن!
مسجد کی ویرانی کا سبب مت بنو
مسجد کو آباد کیجئے ویران نہیں، ہر شخص کو یہ خیال رکھنا چاہئے کہ اس کی کسی حرکت کی وجہ سے کوئی نمازی مسجد سے دُور نہ ہو۔(مدنی مذاکرہ، 3جمادَی الاُخریٰ 1445ھ)
خود کو نیکیوں کا حریص بنائیے
مسلمان کو دنیا کی دولت کا نہیں، نىکىوں کا حریص ہونا چاہئے۔ (مدنی مذاکرہ، 17ربیعُ الاول 1443ھ)
اپنے کردار سے مستقبل کے معمار وں کو سنواریں
عجز و انکسار اگر ہمارے اندر ہوگا تو ظاہر ہے کہ ہمارے اطراف مىں بھى اس کى برکتىں ظاہر ہوں گى اور لوگ ىہ سىکھىں گے، ہمارے بچے بھى سىکھىں گے۔(مدنی مذاکرہ، 3ذوالقعدۃ الحرام1445ھ)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments