فریاد
کام کی باتیں
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطّاری
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2025
22اکتوبر2024ء بروز منگل، دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کے تمام شعبہ جات کے اجیروں کے درمیان تربیتی بیان فرمایا۔ اس بیان کا خلاصہ بصورتِ نکات ترمیم و اضافہ کے ساتھ پیش ہے:
(1)صفائی ستھرائی آپ کی شخصیت کا70 فیصد تعارف کروا دیتی ہے۔
(2)آفس ڈسپلن پر آپ کی ترقی کا انحصار ہے۔
(3)آپ کتنے ہی باصلاحیت ہوں لیکن اگر آپ میں ٹیم ورک یعنی مل کر کام کرنے کی اہلیت نہیں ہے تو آپ ترقی نہیں کرسکتے۔
(4)کسی بھی شعبے کا نگران اسی کو بنایا جاتا ہے جس کا اخلاق و کردار اچھا ہو اور اسےانسانوں سے بات چیت کرنا، انہیں لےکر چلنا آتا ہو۔
(5)اگر ہم نماز اور جماعت کے پابند نہیں تو پھر کسی کام کے نہیں۔
(6) دعوت اسلامی کو محض مال کمانے کا نہیں بلکہ آخرت سنوارنے اور جنت کمانے کا ذریعہ بنائیں۔
(7)آفس میں آپ کاٹبیل آپ کا تعارف کرواتا ہے۔ بکھرا ہوا سامان بکھری سوچ اور بکھری شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔
(8)تھم (Thumb) لگانے کے بعد ڈیوٹی ٹائم شروع ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد فضول تجزیوں اور حالاتِ حاضرہ پر گفتگو کرنے کے بجائے پوری توجہ اپنے کام پر ہونی چاہئے۔
(09)نگران یا ادارے کو ہی اپنی ترقی میں رکاوٹ کا ذمہ دار نہ ٹھہرائیں، اپنی خامیوں پر بھی نظر رکھیں۔ بدتمیز آدمی کو کوئی بھی ادارہ اوپر نہیں لاتا۔
(10) ️مال یا عہدہ ملنے پر انسان کے اندر کا باہر آجاتا ہے، کسی کو فیضانِ عمر بن عبدالعزیز ملتا ہے تو وہ عدل وانصاف، خیرخواہی اور بھلائی کرتا ہے تو کسی کے اندر چھپا ہوا یزیدی کردار باہر آجاتا ہے۔
(11)ڈیوٹی ٹائم اور املاک کے معاملے میں وقف کا لحاظ ضروری ہے۔ اے سی، پنکھے، لائٹس اور پانی وغیرہ چیزوں کے استعمال میں احتیاط کیجئے کیونکہ یہ کسی فرد کی ملکیت نہیں ہوتیں یہاں رکنِ شوریٰ بھی معاف نہیں کرسکتا۔ تاوان سے ہی جان چھوٹے گی۔
(12)اجتماعات، مدنی مذاکروں اور دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں شامل ہوں۔
(13)دوستوں میں یاآفس میں گھر والوں کی باتیں مثلاً آج بیگم نے ناشتہ نہیں دیا،صبح صبح بیگم سے منہ ماری ہوگئی وغیرہ باتیں کرنا مناسب نہیں ہوتا۔
(14)دوستوں سے اتنی بے تکلفی نہ رکھیں کہ وہ آپ کی ماں بہن اور بیوی پر تبصرے کریں۔(بقیہ اگلے ماہ کے شمارے میں)
Comments