نئے لکھاری
قبرستان کے حقوق
*احمد رضا عطّاری
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2025
اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جس میں زندگی کے ہر شعبے کے متعلق حقوق و احکام بیان کئے ہیں۔ جس طرح دیگر حقوق بیان کئے ہیں اسی طرح قبرستان کے حقوق کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔ آئیے قبرستان کے 6 حقوق پڑھئے:
(1) زیارتِ قبور کرنا:قبرستان کے حقوق میں سے ہے کہ قبرستان کی زیارت کے لئے جایا جائے، رد المحتار میں ہے: زیارتِ قبور مستحب ہے، ہر ہفتہ میں ایک دن زیارت کرے، جمعہ یا جمعرات یا ہفتہ یا پیر کے دن مناسب ہے، سب میں افضل روز جمعہ وقت صبح ہے۔ (دیکھئے: ردالمحتار، 3/177)
( 2) سلام کہنا : حضور علیہ السّلام مدینہ کے قبرستان گئے تو اس طرح سلام کیا: اَلسَّلَامُ عَلَيْكُمْ يَا اَهْلَ القُبُورِ، يَغْفِرُ اللَّهُ لَنَا وَلَكُمْ، اَنْتُمْ سَلَفُنَا، وَنَحْنُ بِالاَثَرِ یعنی اے قبر والو! تم پر سلام ہو، اللہ پاک ہماری اور تمہاری مغفرت فرمائے، تم ہم سے پہلے آگئے اور ہم تمہارے بعد آنے والے ہیں۔ (دیکھئے: ترمذی، 2/329، حدیث: 1055) حضرت بُرَیْدہ رضی اللہُ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم انہیں تعلیم دیتے تھے کہ جب وہ قبرستان جائیں تو کہیں: اے مؤمنوں اورمسلمانوں کے گھر والو! تم پر سلامتی ہو، اِن شآءَ اللہ ہم بھی تم سے ملنے والے ہیں، ہم الله پاک سےاپنے اور تمہارے لئے عافیت کا سوال کرتے ہیں۔( فیضان ریاض الصالحین، 5/357، حدیث : 583 )
(3) قبر پر اگر بتی نہ جلانا: قبر کے اوپر اگربتّی نہ جلائیں کہ بے ادبی ہے اور اس سے میِّت کو تکلیف ہوتی ہے بلکہ قبر کے پاس خالی جگہ ہوتو وہاں رکھ سکتے ہیں،جبکہ وہ خالی جگہ ایسی نہ ہو کہ جہاں پہلے قَبْر تھی اب مِٹ چکی ہے۔(دیکھئے: قبروالوں کی 25حکایات، ص47)
(4) قبر پر نہ بیٹھنا : قبرستان کے حقوق میں یہ بھی ہے کہ قبر پر نہ بیٹھا جائے۔ قبر پر بیٹھنا، سونا، چلنا، پاخانہ کرنا حرام ہے۔ (فتاوى عالمگیری، 1/166)
(5) نئے راستے سے اجتناب کرنا: قبرستان میں قبریں ڈھاکرجو نیا راستہ نکالا گیا اس سے گزرنا جائز نہیں ہے۔ خواہ نیا ہونا اسے معلوم ہو یا اس کا گمان ہو۔(رد المحتار، 3/183)
(6) تکلیف نہ دینا : قبر بھی لائقِ تعظیم ہےاس سےتکیہ لگانا جائز نہیں، روایت ہے حضرت عمر و بن حزم سے فرماتے ہیں کہ مجھ کو نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک قبر پر تکیہ لگائے دیکھا تو فرمایا اس قبر والے کو نہ ستاؤ یا اسے مت ستاؤ۔(مراٰۃ المناجیح،2/499)
اللہ پاک ہمیں قبرستان کے حقوق و آداب بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* ( درجۂ ثانیہ جامعۃُ المدینہ فیضانِ فاروق اعظم سادھوکی لاہور )
Comments