مصائب و آلام سے حفاظت

وظائف

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2025

مصائب و آلام سے حفاظت

اللہ پاک نے چاہا تو مَصائِب وآلام سے نجات ملے گی۔

یَا مُسَبِّبَ الْاَسْبَاب“500 بار، (اوّل آخر دُرُود شریف 11،11بار) بعد نَمازِ عشا قبلہ رُو باوُضو ننگے سر ایسی جگہ پڑھئے کہ سر اور آسمان کے دَرمیان کوئی چیز حائِل نہ ہو،یہاں تک کہ سر پر ٹوپی بھی نہ ہو۔اِسلامی بہنیں ایسی جگہ پڑھیں جہاں کسی اَجنبی یعنی غیرمَحرم کی نظر نہ پڑے۔(اغوا سے حفاظت کے اوراد،ص3)

کاروبار اور کام کاج میں دل نہ لگتا ہو تو!

جن لوگوں کا کام، کاروبار مىں دِل نہىں لگتا ان کے لئے امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے یہ وَظیفہ تحریر فرمایا کہ ”یَااَللہُ 101بار کاغذ پر لکھ کر تَعویذ بنا کربازو پر باندھ لیجئے، اِن شآءَ اللہ جائز کام دَھندے اور حلال نوکری میں دِل لگ جائے گا۔“( چڑیا اور اندھا سانپ،ص29)

سردی کی شدت ہو تو

حدیثِ پاک کا مضمون ہے:سخت سردی میں جب بندہ یہ کہتا ہے:”لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ، یا اَللہ! آج سخت سردی ہے مجھے جہنم کی”زَمْہَرِیْر“سے بچا“تو اللہ پاک جہنم سے فرماتا ہے کہ میرا بندہ تجھ سے پناہ مانگ رہا ہے میں نے اس کو تجھ سے پناہ دی۔(عمل الیوم و اللیلہ، ص136،حدیث :307)

جب بھی سخت سردی ہو تو اللہ پاک کی جناب میں یہ دُعا کرنی چاہئے۔”زَمْہَرِیْر“جہنم کا ایک طبقہ ہے جس میں ٹھنڈک کا عذاب ہے، جب کافر کو اس میں پھینکا جائے گا تو سردی کی وجہ سے اس کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں گے۔ (سردی سے بچنے کے طریقے، ص1)

مَرضِ گناہ دُور کرنے کا وظیفہ

یَا بَـرُّ (اے بھلائی کرنے والے)

جو کوئی روزانہ سات بار(اوّل آخر ایک بار دُرُود شریف)پڑھ کر اپنے دِل پر دَم کرے گا، اِن شآءَ اللہ گناہوں کی بیماری دور ہوجائے گی۔(مُقدَّس تَحریرات کے اَ دَب کے بارے میں سُوال جواب، ص31- ملفوظات امیر اہل سنت ، 1/42)


Share