کتب کا تعارف
ایمان و عقائد اور رسائلِ امیرِ اہلِ سنّت
*مولانا ابوواصف عطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2025
ہر صحابِیِ نبی جنّتی جنّتی(صفحات:24):
محبوب کے پیارے بھی محبوب ہوتے ہیں،اللہ پاک کو بھی اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکے پیارے صحابَۂ کرام علیہمُ الرضوانسے محبت ہے،قراٰنِ پاک میں جگہ جگہ اس کا اظہار موجود ہے،کہیں ان سے جنّت کا وعدہ فرمایا،کہیں انہیں اپنی رِضا کا مژدہ سنایا،کہیں ان کی پیروی کو ہدایت کا معیار بتایا اورکہیں ان کے تقوٰی وطہارت کا اعلان فرمایا۔ اس اُمّت کی پاکیزہ ترین ہستیاں یہی حضرات ہیں۔ 11 آیاتِ مبارکہ، 41 احادیثِ طیبہ،4شرعی احکام، 9اقوالِ بزرگانِ دین اور 3 واقعات وحکایات پر مشتمل اس رسالے میں صحابی کی تعریف، صحابَۂ کرام علیہمُ الرضوان کی اقسام،ان کی عظمت وشان اور بےمثال فضائل و کمالات، ان کی تعداد،فضیلت کے اعتبار سے ان کی ترتیب،ان سے محبت کرنے والوں کا اجروثواب اور بغض وعداوت رکھنے والوں کی سزاؤں اور عذابات کا تذکرہ ہے۔ رسالے کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں فضائِلِ صحابہ پر 40 حدیثیں شامل ہیں۔
فاتحہ اور ایصالِ ثواب کا طریقہ(صفحات:28):
مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کرنا اور انہیں ثواب پہنچانا ابتدائے اسلام سے مسلمانوں میں رائج ہے۔ اس رسالے میں ایک آیتِ طیبہ، 11احادیثِ مبارکہ، 10اقوال و شرعی احکام اور3 واقعات وحکایات کی روشنی میں ایصالِ ثواب کا ثبوت،اس کے فضائل، اس کی مختلف صورتیں، اس کے شرعی احکام،اس کا طریقہ، مزار پر حاضری کا طریقہ اور ایصالِ ثواب کے 19مدنی پھول بیان ہوئے ہیں۔
گانوں کے 35کفریہ اشعار(صفحات:32):
شاعری اپنے اندر بڑی تاثیر رکھتی ہے اور خوش آوازی اس کی تاثیر کو دو چَند کردیتی ہے۔دین میں اچھا شعر اچھا ہے اور بُرا شعربُرا۔ اس رسالے میں اچھے بُرے اشعار کے احکام، گانے باجوں اور موسیقی کی تاریخ،گانوں باجوں کی مذمت و عذاب، میوزیکل موبائل ٹونز کا معاملہ،گانوں کے 35کفریہ اشعار اور ان میں موجود کفریہ کلمے یا جملے کی نشاندہی، کفر سے توبہ اور تجدیْدِ نکاح کا طریقہ،بحالتِ اِرتداد ہونے والے نکاح اور احتیاطی تجدیدِ ایمان وتجدیْدِ نکاح کے مسائل ذکر کئے گئے ہیں۔اس میں 2آیاتِ طیبہ،5احادیثِ کریمہ، 3اقوال، 66 شرعی اَحکام اور 3حِکایات موجود ہیں۔
28کلماتِ کفر(صفحات:17):
ایمان کی حفاظت بے حد ضروری ہے،انسان کبھی اپنے منہ سے کفریہ بات نکال دیتا ہے جس کے سبب ایمان ضائع ہوجاتاہے، اعمال برباد ہوجاتے اور نکاح وبیعت ختم ہوجاتے ہیں۔اس رسالے میں مشکلات کے وقت بَکے جانےوالے کفریات کی11، تنگدستی کے موقع پر بکے جانے والے کفریات کی5،اعتراض کی صورت میں بکے جانے والے کفریات کی 6 اورفوتگی وغیرہ کے مواقع پر بکے جانے والے کفریات کی 6 مثالیں اور ان کے اَحکام ذکر کئے گئے ہیں۔نیزتجدیدِ ایمان کا طریقہ، تجدیدِ نکاح کا طریقہ، عذابِ جہنّم کی جھلکیاں اور ایمان کی حفاظت کا وِرد تحریر ہے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ تراجم، اسلامک ریسرچ سنٹر المدینۃ العلمیہ کراچی
Comments