نئے لکھاری
رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا 6 چیزوں کے بیان سے تربیت فرمانا
*حافظ محمد حماس
ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر 2024
اللہ پاک نے نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو جہاں دیگر معجزات سے نوازا وہیں آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو ایک معجزہ یہ بھی عطا کیا گیا کہ آپ جامع الکلم تھے یعنی آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے الفاظ کم ہوتے ہیں اور ان کے معنی و مفہوم زیادہ۔ بعض احادیثِ مبارکہ میں حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے 6اہم باتوں کا ذکر فرما کر مسلمانوں کی تربیت فرمائی ہے، یہ احادیث ہمارے لئے راہنمائی کا ذریعہ ہیں، آیئے! 4احادیثِ مبارکہ ملاحظہ کرتے ہیں:
(1)6حقوق المسلمین: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: مسلمان کے دوسرے مسلمان پر چھ حقوق ہیں۔ عرض کی گئی: یارسولَ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم وہ کیا ہیں:(۱)جب تم اس سے ملو تو اسے سلام کرو (۲)جب وہ تمہیں دعوت دے تو قبول کرو (۳)جب وہ تم سے نصیحت طلب کرے تو اسے نصیحت کرو (۴)جب اسے چھینک آئے اور وہ اللہ پاک کی حمد کرے تو اس کا جواب دو (۵)جب وہ بیمار ہو تو اس کی عیادت کرو اور (۶)جب وہ فوت ہو جائے تو اس کے جنازے میں شرکت کرو۔(مسلم، ص919، حدیث: 5651)
(2)شہید کی چھ فضیلتیں: حضرت مِقدام بن مَعدی کرب رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں: رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اللہ پاک کے یہاں شہید کو چھ خصلتیں حاصل ہوں گی: (1)پہلی بار ہی اسے بخش دیا جائے گا (2)اسے جنّت کا ٹھکانا دکھا دیا جائے گا (3)اسے قبر کے عذاب سے امان دی جاتی ہے اور وہ بڑی گھبراہٹ سے امن میں رہے گا (4)اس کے سَر پر عزت کا تاج رکھا جائے گا جس کا ایک یاقوت موتی دنیا اور جو کچھ اس میں ہے اس سے بہتر ہوگا (5)بہتّر(72)حوروں سے اُس کا نکاح کیا جائے گا (6)ستّر(70) قریبی رشتہ داروں کے حق میں اس کی شفاعت قبول کی جائے گی۔(ترمذی، 3/250، حدیث:1669)
(3)سچے مسلمان کی چھ خصلتیں: حضرت ابو سعید رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:جس مسلمان میں یہ چھ اوصاف ہیں وہ سچا مسلمان ہے: (۱)مکمل وُضو کرنے والا (۲)سخت بارش کے دن نماز کے لئے جلدی مسجد جانے والا (۳)سخت گرمیوں میں کثرت سے روزے رکھنے والا (۴)(جہاد میں)دشمنوں کو تلوار (ہتھیار) سے قتل کرنے والا (۵)مصیبت پر صبر کرنے والا (۶)حق پر ہونے کے باوجود لڑائی جھگڑا ختم کرنے والا۔(الفردوس بماثور الخطاب، 2/326، حدیث: 3458)
(4)چھ چیزوں کی ضمانت: حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں: رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: تم مجھے چھ چیزوں کی ضمانت دو، میں تمہیں جنت کی ضمانت دیتا ہوں: (1)جب بولو تو سچ بولو (2)جب وعدہ کرو تو پورا کرو (3)جب تمہارے پاس امانت رکھوائی جائے تو اس میں خیانت نہ کرو (4)اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرو (5)اپنی نظریں نیچی رکھو (6)اپنے ہاتھوں کو ظلم سے روکو۔(مسند احمد، 37/417، حدیث: 22757)
اگر ہر مسلمان ان احادیث پر عمل کرے تو ایک مثالی معاشرہ قائم ہو سکتا ہے، ہمیں چاہئے کہ ان احادیث کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ ہم دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکیں۔ اللہ پاک ہمیں نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتَمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
*(درجہ سادسہ جامعۃ المدینہ گلزار حبیب سبزه زار لاہور)
Comments