دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تری دھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا عمر فیاض عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر 2024

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دو دن کا پروفیشنلز اجتماع

پروفیشنلز فورم دعوتِ اسلامی کے تحت 28اور 29 ستمبر 2024ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دو دن کا پروفیشنلز اجتماع منعقد ہوا جس میں انجینئرز، آئی ٹی پروفیشنلز، پروفیسرز، ڈاکٹرز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اجتماع میں امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مدنی مذاکرے میں مدنی پھول ارشاد فرمائے جبکہ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری، رکنِ شوریٰ حاجی عبدالحبیب عطاری، دارالافتاء اہل سنّت کے مفتی شفیق عطاری مدنی، مفتی جمیل عطاری مدنی، H.O.D ماہنامہ فیضانِ مدینہ مولانا مہروز علی عطّاری مدنی اور ناظم جامعۃ المدینہ دارالحبیبیہ دھوراجی سید ثاقب عطاری مدنی نے بیانات کئے اور اجتماع میں شریک عاشقانِ رسول کی تربیت کی۔

دعوتِ اسلامی کے تحت’’ یومِ تحفظِ اوراقِ مُقَدَّسہ‘‘ منایا گیا

تفصیلات کے مطابق دعوتِ اسلامی کی جانب سے 26 ستمبر 2024ء کو ’’ یومِ تحفظِ اوراقِ مُقَدَّسہ‘‘ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں گلیوں، چوکوں اور مساجد کے باہر تحفظِ اوراقِ مُقَدَّسہ کے باکس اور ڈرم لگائے گئے۔ اسلامی بھائیوں نے مقامی عاشقانِ رسول کو مقدس اوراق کی اہمیت و فضیلت بتائی اور انہیں اِس کی حفاظت و دیکھ بھال کا ذہن بھی دیا۔ عاشقانِ رسول نے تحفظِ اوراقِ مُقَدَّسہ کے حوالے سے دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو سراہا اور اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ واضح رہے کہ دعوتِ اسلامی کے شعبے تحفظِ اوراقِ مُقَدَّسہ کی جانب سے ملک بھر میں مقدس اوراق کی حفاظت کے سلسلے میں مساجد، گلیوں کے کارنر، کھمبوں اور چوکوں پر ہزاروں باکس لگے ہوئے ہیں۔ راہگیر اور علاقہ مکین مقدس اوراق کو بے حرمتی سے بچانے اور ٹھنڈا کروانے کے لئے باکس میں مقدس اوراق لاکر ڈال دیتے ہیں اور شعبہ تحفظِ اوراقِ مُقَدَّسہ کے اسلامی بھائی اُنہیں جمع کرکے محفوظ مقام پر ٹھنڈا کرنے کا انتظام کرتے ہیں۔

ماپوتو، موزمبیق کی مسجد محمد میں ”سرپرست اجتماع “کا انعقاد

ماپوتو، موزمبیق کی مسجد محمد میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ مدرسۃُ المدینہ بوائز کے زیرِ اہتمام ”سرپرست اجتماع “کا انعقاد کیا گیا جس میں قاری صاحبان، بچوں، اُن کے سرپرستوں اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی سمیت دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ نگرانِ ماپوتو سمیت دیگر مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے سنّتوں بھرے بیانات کئے جس میں انہوں نے حاضرین کو نیک اعمال کرنے اور دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہنے کی ترغیب دلائی۔دورانِ اجتماع مدرسۃُ المدینہ کے بچوں کی حوصلہ افزائی کےلئے اُن کے درمیان تحائف تقسیم کئے گئے۔دعا و صلوٰۃ و سلام پر اجتماع کا اختتام کرنے کے بعد دعوتِ اسلامی کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شُرکا کے درمیان اشیائے خوردونوش پر مشتمل راشن کے باکس اور دیگر اشیائے ضروریہ تقسیم کیں۔

دعوتِ اسلامی کے مختلف دینی کاموں کی جھلکیاں

٭فیضان قراٰن فاؤنڈیشن (دعوتِ ا سلامی)کے تحت ٹریننگ پریزن انسٹی ٹیوٹ جیل خانہ جات حیدرآباد سندھ میں محفلِ نعت منعقد ہوئی۔ رکنِ شوریٰ حاجی محمد فاروق جیلانی عطاری نے سیرتُ النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر سنتوں بھرا بیان کیا٭ملتان میں قائم نشتر اسپتال کے آڈیٹوریم میں رابطہ برائے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے تحت محفلِ نعت کا سلسلہ ہوا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد سلیم عطاری نے سیرت النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور شُرکا کو سنتوں پر عمل کرنے اور دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا ذہن بھی دیا ٭رکنِ شوریٰ حاجی برکت علی عطاری نے شعبہ تعلیم کے ذمہ داران کے ہمراہ سر سید یونیورسٹی کراچی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کے ڈین، پروفیسرز اور فیلکٹی ممبران سے ملاقات کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کی عالمی سطح پر ہونے والی تعلیمی، اصلاحی اور فلاحی خدمات کے بارے میں آگاہی فراہم کی اور انہیں عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کا وزٹ کرنےکی دعوت دی۔ پروفیسرز نے رکنِ شوریٰ کے ہمراہ یونیورسٹی میں پلانٹیشن بھی کی ٭پمز اسپتال اسلام آباد میں رابطہ برائے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے تحت محفلِ نعت منعقد ہوئی۔ مبلغ دعوتِ اسلامی نے حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرتِ مبارکہ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ ٭شعبہ فیضان ِقراٰن کے تحت ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں جیل افسران اور قیدیوں سمیت دیگر اسٹاف نے شرکت کی۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی نے عشقِ رسول پر گفتگو کی اور سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر افسران و عہدیداران سے ملاقات کی ٭شعبہ رابطہ برائے میڈیکل کے تحت جناح اسپتال لاہور کے آڈیٹوریم میں ڈاکٹرز کا عظیم الشان اجتماع ہوا۔ اجتماع میں نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے ”عشقِ مصطفیٰ“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو اپنی زندگی سنتوں کے مطابق گزارنے، نیک اعمال کرنے اور نیکی کے کاموں میں حصہ لینے کا ذہن دیا ٭پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تحت لاہور میں محفلِ نعت منعقد ہوئی جس میں رکنِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری نے ”ملاوٹ کا خاتمہ اور حرام روزی سے اجتناب“ کے موضوع پر خصوصی بیان کیا۔ مولانا عبدالحبیب عطاری کا کہنا تھا کہ خوراک کی تیاری میں ملاوٹ اچھا عمل نہیں ہے، جس مسلمان کا اللہ پر توکل مضبوط ہو وہ کبھی ملاوٹ اور دھوکا دہی نہیں کرتا۔ اس موقع پر حاجی یعفور رضا عطاری، وزیر خوراک پنجاب، اراکین صوبائی اسمبلی، ڈائریکٹر جنرل فوڈاتھارٹی سمیت کئی شخصیات موجود تھیں ٭شعبہ رابطہ برائے وُکلاء کے تحت لاہور بار ایسوسی ایشن پنجاب میں سنتوں بھرا اجتماع ہوا۔ حاجی یعفور رضا عطاری نے ”شانِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم“ پرسنتوں بھرا بیان کیا۔ رکنِ شوریٰ نے صدر لاہور بار اور سیکریٹری سمیت دیگر عہدیداران سے ملاقات کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کا تعارف پیش کیا۔

ہفتہ وار رسائل کی کارکردگی (ستمبر 2024ء)

شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور آپ کے خلیفہ حضرت مولانا عبیدرضا عطاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے/ سننے کی ترغیب دلاتے اور پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں۔ ستمبر 2024ء میں دیئے گئے 4مَدَنی رَسائل کے نام اور ان کی کارکردگی یہ ہے: (1)فیضانِ دعوتِ اسلامی(ستمبر 2024ء): 25 لاکھ، 76ہزار 377 (2)اربعینِ عطار(قسط: 2): 28لاکھ، 18ہزار 570 (3)آخری نبی کی شان بزبانِ قراٰن: 27لاکھ، 71ہزار 983 (4)امیرِ اہلِ سنّت سے محبتِ رسول کے بارے میں 14سوال جواب:27لاکھ، 11ہزار870۔

ستمبر 2024ء میں امیر اہل سنت کی جانب سے

جاری کئے پیغامات کی تفصیل

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ستمبر 2024ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر، دعوتِ اسلامی)کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر“ کے ذریعے تقریباً 2613 پیغامات جاری فرمائے جن میں 465 تعزیت کے، 1936 عیادت کے جبکہ 212 دیگر پیغامات تھے۔ ان پیغامات کے ذریعے امیر اہل سنت نے بیماروں سے عیادت کی، انہیں بیماری پر صبر کا ذہن دیا جبکہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مغفرت اور بلندیِ درجات کی دعا کی۔

دعوتِ اسلامی کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے

news.dawateislami.net

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*(فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، ذمہ دار شعبہ ”دعوتِ اسلامی کے شب وروز“،کراچی)


Share