کم سن صحابہ کرام
حضرت سعید بن عاص رضی اللہُ عنہ
اور حضرت عبدُاللہ بن ثَعلَبَہ رضی اللہُ عنہما
*مولانا اویس یامین عطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر 2024
کم عمری میں جن خوش نصیب بچوں کو اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا صحابی ہونے کا شرف ملا اُن میں حضرت سعید بن عاص اور حضرت عبدُاللہ بن ثَعلَبَہ رضی اللہُ عنہما بھی شامل ہیں، آئیے! ان کے بچپن کی مختصر سیرت پڑھ کر اپنے دِلوں کو محبتِ صحابۂ کرام سے روشن کرتے ہیں۔
حضرت عبدُاللہ بن ثَعلَبَہ رضی اللہُ عنہما
آپ رضی اللہُ عنہ کی ولادت ایک قول کے مطابق ہجرت سے 4سال پہلے ہوئی، آپ حضرت ثَعلَبَہ بن صُعیر رضی اللہُ عنہ کے بیٹے ہیں۔([i])
حُضور نے چہرے پر ہاتھ پھیرا:آپ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں کہ رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فتحِ مکہ کے سال میرے چہرے پر اپنا دستِ شفقت پھیرا۔([ii])
روایاتِ احادیث:آپ سے کئی احادیث مبارکہ بھی مروی ہیں۔([iii])
صدقۂ فطر کی مقدار:ایک روایت میں آپ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں کہ رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے عیدُالفطر سے دو دن پہلے لوگوں کے درمیان خطبہ ارشاد فرمایا کہ ایک صاع گندم دو افراد کی طرف سے، یا ایک صاع کھجور یا ایک صاع جَو ہر آزاد، غلام، چھوٹے اور بڑے کی طرف سے ادا کرو۔([iv])
وصال:حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے وصالِ ظاہری کے وقت آپ رضی اللہُ عنہ ایک قول کے مطابق تقریباً 14سال کے تھے، آپ رضی اللہُ عنہ نے 93سال کی عمر میں سِن89 ہجری میں مدینۂ منورہ میں وفات پائی۔([v])
حضرت سعید بن عاص رضی اللہُ عنہ
آپ رضی اللہُ عنہ کی ولادت ہجرت کے سال یا سِن 1ہجری میں ہوئی،مسلمانوں کے تیسرے خلیفہ حضرت عثمانِ غنی رضی اللہُ عنہ نے قراٰنِ کریم جمع کرنے والوں میں آپ کو بھی منتخب فرمایا تھا۔([vi])
روایاتِ احادیث:آپ سے کئی احادیث مبارکہ بھی مروی ہیں۔([vii])
بڑے بھائی کا حق:ایک روایت میں آپ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں کہ رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: چھوٹے بھائی پر بڑے بھائی کا حق ایسا ہے جیسے باپ کا حق اولاد پر۔([viii])
وصال:حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے وصالِ ظاہری کے وقت آپ رضی اللہُ عنہ تقریباً 9سال کے تھے، آپ رضی اللہُ عنہ نے سِن59 ہجری میں مدینۂ منورہ سے تین میل کی مسافت پر مقام عَرْصَہ میں وفات پائی اور آپ کی تدفین جنّتُ البقیع میں کی گئی۔([ix])
اللہ پاک کی ان پر رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری بےحساب مغفرت ہو۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments