انگوٹھے چومنا

انگوٹھے چومنا

سوال:اذان میں حضور نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم کے اسمِ گرامی محمد صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم کو سُن کر اپنے انگوٹھے چوم کر اپنی آنکھوں سے لگانا کیسا ہے؟

جواب:جائزو مستحسن و موجبِ اجر وثواب ہے اور سرکارِ دوجہاں ،رحمتِ عالمیاں،شفیعِ مُذنِباں صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم کی محبت کی علامت ہے۔

سوال:اس کا کیا ثبوت ہے؟

جواب:علامہ ابنِ عابدین شامی رَحْمَۃُ اﷲِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں:’’مستحب یہ ہے کہ جب پہلی شہادت سنے تو کہے:صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْکَ یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ اور جب دوسری سُنے تو دونوں انگوٹھے اپنی دونوں آنکھوں پر لگانے کے بعدکہے:قَرَّتْ عَیْنِیْ بِکَ یَارَسُوْلَ اللّٰہِپھر یہ کہے اَللّٰھُمَّ مَتِّعْنِیْ بِالسَّمْعِ وَالْبَصَرِتو حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم جنّت کی طرف اس کے قائد ہونگے جیسے کہ کَنْزُ الْعِباد اور الفتاوی الصّوفیۃ میں ہے اور کتابُ الفردوس میں ہے کہ جس نے اذان میںاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اللّٰہِسننے کے بعد اپنے دونوں انگوٹھوں کو بوسہ دیا توجنّت کی صفوں میں، میں اس کا قائد اور داخل کرنے والا ہوں گا۔[1]

سوال:انگوٹھے چومنے کے بارے میں کوئی واقعہ ہو تو وہ بیان فرمادیں ؟

جواب:اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنّت مجدّدِ دین و ملّت امام احمد رضا خانعَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن مسندُالفردوس کے حوالے سے فرماتے ہیں:’’حضرت ابو بکر صدیقرَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُسے مَروی ہے کہ جب آپرَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُنے مؤذّن کو اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْ لُ اللّٰہ کہتے سُنا یہ دُعا پڑھی اور دونوں کلمے کی انگلیوں کے پورے جانبِ زیریں سے چُوم کر آنکھوں سے لگائے، اس پر حضورِ اَقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: جو ایسا کرے جیسا میرے پیارے نے کیا اس کے لئے میری شفاعت حلال ہوجائے۔[2]

سوال: اگر یہ دلائل نہ ہوتے تو کیا پھر بھی ایسا کرناجائز ہوتا؟

جواب:جی ہاں !اگر اس کے لئے کوئی خاص دلیل نہ بھی ہوتو شریعت کی طرف سے اس کی ممانعت نہ ہونا ہی اس کے جائز ہونے کے لئے کافی ہے کیونکہ یہ چیزیں اصل کے اعتبار سے جائز ہیں جب تک کہ شریعت منع نہ کردے۔ یہی وجہ ہے کہ اذان کے علاوہ بھی محبت و تعظیم کی وجہ سے حضورسرورِ دوعالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم کا نامِ مبارک سن کر انگوٹھے چوم کر آنکھوں سے لگانا جائز ومستحسن ہے۔ (بنیادی عقائد اور معمولاتِ اہلسنت،حصہ دوم،صفحہ۱۱۳تا۱۱۵)


[1] ۔۔۔۔ ردالمحتار،کتاب الصلاة، مطلب فی کراھة تکرار الجماعة فی المسجد،۲ / ۸۴

[2] ۔۔۔۔ فتاویٰ رضویہ،۵ / ۴۳۲

Share