بدعت سے دور رہیں

سوال:بدعت کسے کہتے ہیں؟

جواب:بدعت سے مراد ہر وہ نیا کام ہے جو سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم کے مبارک دور میں نہ تھا بعد میں کسی نے اس کو شروع کیا، اب اگر یہ کام شریعت سے ٹکراتا ہے تو اس بدعت کو بدعتِ سَیّئہ یعنی بُری بدعت کہتے ہیں، اسی کے بارے میں سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا کہ یہ مَردود ہے اور وہ نیا کام جو قرآن و سنّت کے خلاف نہیں ہے اسکو بدعتِ مُباحہ یا حَسَنَہ یعنی اچھی بدعت کہتے ہیں یعنی حکم کے اعتبار سے مُباح ہے تو مُباحَہ اور مستحسن ہے تو حَسَنَہ بلکہ بعض بدعاتِ حَسَنَہ تو واجِبَہ بھی ہوتی ہیں جس کی تفصیل آگے آرہی ہے۔

سوال:اچھی بدعت پر عمل کرنا کیسا؟

جواب:اچھی بدعت کو بدعتِ حَسَنَہ کہا جاتا ہے اس پرعمل کرنا کبھی واجب،کبھی مستحب ہوتاہے اوراچھا طریقہ جاری کرنے والا اجروثواب کا حقدار ہے جیسا کہ حدیثِ مبارکہ میں

ہے:’’جو کوئی اسلام میں اچھاطریقہ جاری کرے اس کو اس کا ثواب ملے گا او راس کابھی جو اس پر عمل کریں گے او ران کے ثواب میں بھی کمی نہ ہوگی اور جو شخص اسلام میں بُراطریقہ جاری کرے اس پر اس کا گناہ ہوگا اوران کا بھی جو اس پر عمل کریں او ران کے گناہ میں بھی کچھ کمی نہ آئے گی۔[1]

سوال:اچھی بدعت یعنی بدعتِ حَسَنَہ پر کوئی واقعہ بھی ارشاد فرمادیں ؟

جواب:حضرت سیّدُنا عمر فاروق رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے زمانے تک مسلمان تنہااکیلے اکیلے نمازِ تراویح پڑھا کرتے تھے، حضرت عمر فاروق رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ مسجد کے پاس سے گزرے اور ان کو تنہا تراویح پڑھتے دیکھا تو سب کو ایک جگہ جمع کیا اور تراویح کی جماعت شروع کروائی اور حضرت اُبیّ بن کعب رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو ان کا امام مُقرّر کیا اور پھر یہ الفاظ ارشاد فرمائے: نِعْمَتِ الْبِدْعَۃُ ھٰذِہٖ یعنی یہ کیا ہی اچھی بدعت ہے۔[2]

سوال:بدعت کی کتنی اقسام ہیں؟

جواب:بدعت کی تین قسمیں ہیں:۔(۱)بدعتِ حَسَنَہ(۲)بدعتِ سَیّئہ (۳)بدعتِ مُباحَہ

بدعتِ حسنہ: وہ بدعت ہے جو قرآن وحدیث کے اُصول وقواعد کے مطابق ہو اور شریعت کی نگاہ میں اس پر عمل کرنا ضروری ہو یا بہتر، اس کی دوقسمیں ہیں:

(۱)بدعتِ واجبہ جیسے: قرآن وحدیث سمجھنے کے لئے علمِ نحوکا سیکھنا اور گمراہ فِرقوں پر رَدّ کے لئے دلائل قائم کرنا۔

(۲)بدعتِ مستحبہ جیسے:مدرسوں کی تعمیر اور ہر وہ نیک کام جس کا رواج ابتدائی زمانہ میں نہیں تھا جیسے محفلِ میلاد شریف وغیرہ۔

بدعتِ سیّئہ: وہ بدعت ہے جو قرآن وحدیث کے اُصول وقواعد کے مُخالِف ہو،اس کی بھی دوقسمیں ہیں:

(۱)بدعتِ محرمہ،جیسے بُرے عقائد

(۲)بدعتِ مکروہہ، جیسے گناہوں کے نت نئے انداز

بدعتِ مُباحہ: وہ بدعت ہے جو حضورعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے ظاہری زمانہ میں نہ ہو اور حکمِ شریعت کے خلاف نہ ہو اور کرنے والا ثواب کا حقدار بھی نہ ہو جیسے عمدہ عمدہ کھانے وغیرہ۔

سوال:کچھ ایسے معاملا ت کی مثالیں بیان فرمادیں جو عہدِ رسالت میں نہ تھیں اور مسلمانوں نے بعد میں ایجاد کیں اور اس کو اچھا بھی سمجھتے ہیں ؟

جواب:اس کی چند مثالیں ملاحظہ فرمائیں:

(۱)حضرت عمر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے تراویح کی جماعت شروع کروائی لیکن حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم اور حضرت ابو بکر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے مبارک زمانے میں ایسا نہیں ہوا تھا۔

(۲)قرآنِ پا ک کے اوپرنقطے و اعراب حجاج بن یو سف کے دور میں لگے ہیں چاروں صحابہ عَـلَيْهِمُ الرِّضْوَان نے یہ کا م نہیں کیا جو اس نےکروایا اور اس پر کسی عالِم نے انکا ربھی نہیں کیا علمائے حق کی اجازت و تحسین کی بناء پر یہ عمل بھی مستحسن ہے۔

(۳)مسجد میں امام کے کھڑے ہونے کے لئے محراب بناناولید مَروانی کے دور میں سیّد نا عمر بن عبدالعزیزرَحْمَةُ اللهِ تَعَالٰی عَلَيْه نے ایجاد کیا تھا۔

(۴)چھ کلمے،اس طرح حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم کے مقدّس دور میں مرتب نہ تھے۔لیکن ان کاموں کو کوئی گناہ نہیں کہتا اورنہ ہی کوئی منع کرتاہے آخر کیوں؟

اس کی وجہ یہ ہے کہ ممانعت کی دلیل موجود نہیں ہے اگرچہ حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم یا صحابۂ کرام عَـلَيْهِمُ الرِّضْوَان کے زمانے میں بعض کام نہیں ہوئے مگر چونکہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ  وَسَلَّم اور صحابۂ کرام عَـلَيْهِمُ الرِّضْوَان نے ان سے منع بھی تو نہیں فرمایا ہے لہٰذا یہ کام کرنا،جائز ہے۔ (بنیادی عقائد اور معمولات اہلسنت،ص۱۱۸تا ۱۲۱)


[1] صحیح مسلم،کتاب الزکاة، باب الحث على الصدقة ولو بشق تمرة۔۔۔الخ،ص۵۰۸،حدیث:۱۰۱۷

[2] مشکوة المصابیح،کتاب الصلاة، باب قیام شھر رمضان، الفصل الثالث،۱ / ۲۵۴، حدیث:۱۳۰۱، ملخصاً

Share

Comments


Security Code