(حج کے فرائض)
مسئلہ ۴۱: حج میں یہ چیزیں فرض ہیں:
1 احرام، کہ یہ شرط ہے۔
2 وقوفِ عرفہ یعنی نویں ذی الحجہ کے آفتاب ڈھلنے سے دسویں کی صبح صادق سے پیشتر تک کسی وقت عرفات میں ٹھہرنا۔
3 طواف زیارت کا اکثر حصہ، یعنی چارپھیرے پچھلی دونوں چیزیں یعنی وقوف و طواف رُکن ہیں۔
4 نیت۔
5 ترتیب یعنی پہلے احرام باندھنا پھر وقوف پھر طواف۔
6 ہر فرض کا اپنے وقت پر ہونا، یعنی وقوف اُس وقت ہونا جومذکورہوا اس کے بعد طواف اس کا وقت وقوف کے بعد سے آخر عمر تک ہے۔
7 مکان یعنی وقوف زمینِ عرفات میں ہونا سوا بطنِ عرنہ کے اور طواف کا مکان مسجدالحرام شریف ہے۔ [1] (درمختار، ردالمحتار) (بہارِ شریعت ،جلد اول،حصہ۶،صفحہ۱۰۴۷، ۱۰۴۸)
[1] ۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' و ''ردالمحتار''، کتاب الحج، مطلب في فروض الحج و واجباتہ، ج۳، ص۵۳۶.
Share
Comments