شوقِ عبادت

(31)شوقِ عبادت

شوقِ عبادت کی تعریف:

سستی کو ترک کرکے شوق اور چستی کے ساتھ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی عبادت کرنا شوقِ عبادت ہے۔(نجات دلانےوالےاعمال کی معلومات،صفحہ۲۵۳)

آیت مبارکہ:

اللہ عَزَّ وَجَلَّ قرآنِ پاک میں ارشاد فرماتا ہے: ( اِنَّاۤ اِلٰى رَبِّنَا رٰغِبُوْنَ(۳۲))(پ۲۹، القلم:۳۲) ترجمۂ کنزالایمان: ’’ہم اپنے ربّ کی طرف رغبت لاتے ہیں۔‘‘(نجات دلانےوالےاعمال کی معلومات،صفحہ۲۵۳،۲۵۴)

(حدیث مبارکہ)اُمور دنیا ربّ تَعَالٰی کے ذمہ کرم پر:

حدیث قدسی میں ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ارشاد فرماتاہے:’’جب میں بندے کے دل میں اپنی عبادت کا شوق دیکھتا ہوں تو اس کے اُمور ِ دنیا کو اپنے ذمہ کرم پر لے لیتا ہوں ۔‘‘[1] (نجات دلانےوالےاعمال کی معلومات،صفحہ۲۵۴)

شوقِ عبادت پر تنبیہ:

ہرمسلمان کو چاہیے کہ وہ عبادت میں سستی کو ترک کرکے شوق اور چستی کے ساتھ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی عبادت کرے۔

شوقِ عبادت کا ذہن بنانے اور شوق پیدا کرنے کےسات( 7)طریقے:

(1)نیک اَعمال کی معلومات حاصل کیجئے: جب تک بندے کو نیک اَعمال کا علم نہیں ہوگا اُس وقت تک اسے اُن اَعمال کو بجالانے کا شوق و ذوق اور جذبہ حاصل نہیں ہو سکتا۔ اس کے لیے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب ’’جنت میں لے جانے والے اعمال‘‘ کا مطالعہ کیجئے۔

(2)نیکیوں کی جزاؤں اور گناہوں کی سزاؤں پر غور کیجئے: نیکیوں کی جزاؤں اور گناہوں کی سزاؤں پر غور کرنے سے نیکیوں کی طرف رغبت اور گناہوں سے نفرت کا ذہن بنے گا ، شوقِ عبادت حاصل ہوگا۔اس کے لیے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب ’’نیکیوں کی جزائیں اور گناہوں کی سزائیں‘‘ کا مطالعہ بہت مفید ہے۔

(3)شوقِ عبادت سے متعلق بزرگانِ دِین کے واقعات کا مطالعہ کیجئے: اس سے بھی شوقِ عبادت کا مدنی ذہن بنے گا۔اس کے لیے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ ان کتب کا مطالعہ بہت مفید ہے: حکایتیں اور نصیحتیں، خوفِ خدا، توبہ کی روایات وحکایات۔

(4)آسان نیکیوں کی معلومات حاصل کیجئے: آسان نیکیاں بھی شوقِ عبادت پیدا کرنے میں بہت معاون ہیں، آسان نیکیوں کی معلومات کے لیے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب ’’آسان نیکیاں‘‘ کا مطالعہ کیجئے۔

(5)شوقِ عبادت کے حصول کی بارگاہِ الٰہی میں دعا کیجئے: دعا مؤمن کا ہتھیار ہے، شوقِ عبادت کے حصول کے لیے یوں دعا کیجئے: یا الٰہی! میں تیری رضا کے لیے نیک بندہ بننا چاہتا ہوں، تو اپنی عبادت کا مجھے شوق اور ذوق عطا فرما، اپنی عبادت میں میرا دل لگادے، تجھے تیرے ان نیک بندوں کا واسطہ جو ذوق اور شوق کے ساتھ ہر وقت تیری عبادت میں مشغول رہتے ہیں مجھے بھی شوقِ عبادت عطا کردے۔آمین

دے شوق تلاوت دے ذوق عبادت

رہوں باوُضو میں سدا یاالہی

(6)اپنے آپ کو باطنی امراض سے بچائیے: باطنی اَمراض اَحکامِ اِلٰہی پر عمل کرنے میں سب سے بڑی رُکاوٹ ہیں، جو شخص باطنی اَمراض کا شکار ہوجاتا ہے اُس کے دل سے عبادت کی لذت اور شوق ختم ہوجاتا ہے۔باطنی اَمراض کی معلومات ، اسباب وعلاج کی تفصیل کے لیے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب ’’باطنی بیماریوں کی معلومات‘‘ کا مطالعہ کیجئے۔

(7)اپنے آپ کو بری صحبت سے بچائیے: بندہ جب بری صحبت اختیار کرتا ہے تو اس کی نحوست سے عبادت کی لذت ختم ہوجاتی ہے کیونکہ اچھوں کی صحبت اچھا اور بروں کی صحبت برا بنادیتی ہے، لہٰذا برے لوگوں کی صحبت سے بچیے اور نیک لوگوں کی صحبت اختیار کیجئے۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کا مشکبار مدنی ماحول بھی اچھی صحبت فراہم کرتاہے، آپ بھی اس مدنی ماحول سے ہردم وابستہ رہیے، اپنے علاقے میں ہونے والے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں پابندیٔ وقت کے ساتھ شرکت فرمائیے۔ اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَل اس کی برکت سے پابند سنت بننے، گناہوں سے نفرت کرنے اور نیکیوں کے لیے کُڑھنے کا مدنی ذہن بنے گا۔ ہر اسلامی بھائی اپنا یہ مدنی ذہن بنائے کہ مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اِصلاح کی کوشش کرنی ہے اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَل ۔ اپنی اصلاح کے لیے مدنی انعامات پر عمل اور ساری دنیا کے لوگوں کی اِصلاح کے لیے مدنی قافلوں میں سفر کرنا ہے۔ اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَل(نجات دلانےوالےاعمال کی معلومات،صفحہ۲۵۴تا۲۵۶)


[1] ۔۔۔ مجموعۃ رسائل امام غزالی، منھاج العارفین،باب السجود ،ص۲۱۷۔

Share

Comments


Security Code