(3)…حسد
حسد کی تعریف:
دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کے مطبوعہ ۹۶ صفحات پر مشتمل رسالے ’’حسد‘‘ صفحہ ۷ پر ہے: ’’کسی کی دینی یا دنیاوی نعمت کے زوال (یعنی اس کے چھن جانے) کی تمنا کرنا یا یہ خواہش کرنا کہ فلاں شخص کو یہ نعمت نہ ملے، اس کا نام حسد ہے۔‘‘[1](باطنی بیماریوں کی معلومات،صفحہ۴۳)
آیت مبارکہ:
اللہ عَزَّ وَجَلَّ قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے: (اَمْ یَحْسُدُوْنَ النَّاسَ عَلٰى مَاۤ اٰتٰىهُمُ اللّٰهُ مِنْ فَضْلِهٖۚ-فَقَدْ اٰتَیْنَاۤ اٰلَ اِبْرٰهِیْمَ الْكِتٰبَ وَ الْحِكْمَةَ وَ اٰتَیْنٰهُمْ مُّلْكًا عَظِیْمًا(۵۴))(پ۵، النساء: ۵۴ )
ترجمۂ کنزالایمان: ’’یا لوگوں سے حسد کرتے ہیں اس پر جو اللہ نے انہیں اپنے فضل سے دیا تو ہم نے تو ابراہیم کی اولاد کو کتاب اور حکمت عطا فرمائی اور انہیں بڑا ملک دیا ۔‘‘(باطنی بیماریوں کی معلومات،صفحہ۴۳،۴۴)
حدیث مبارکہ، حسد نیکیوں کو کھاجاتا ہے:
حضرت سیِّدُنا ابوہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم رؤف رحیم صَلَّی اللہُ تَعَا لٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’حسد سے دور رہو کیونکہ حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جس طرح آگ خشک لکڑی کو۔‘‘[2](باطنی بیماریوں کی معلومات،صفحہ۴۴)
حسد کا حکم:
اگر اپنے اختیار و ارادے سے بندے کے دل میں حسد کا خیال آئے اوریہ اس پر عمل بھی کرتا ہےیا بعض اعضاء سے اس کا اظہار کرتا ہے تو یہ حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔[3] (باطنی بیماریوں کی معلومات،صفحہ۴۴)
حسد کے چودہ علاج:
تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے اِشاعتی اِدارے مکتبۃ المدینہ کے مطبوعہ ۹۶ صفحات پر مشتمل رسالے ’’حسد‘‘ صفحہ ۶۸ سے حسد کے چودہ 14علاج پیش خدمت ہیں :
(1)… ’’توبہ کرلیجئے۔‘‘ حسد بلکہ تمام گناہوں سے توبہ کیجئے کہ یا اللہ عَزَّ وَجَلَّ میں تیرے سامنے اقرار کرتاہوں کہ میں اپنے فلاں بھائی سے حسد کرتا تھا تو میرے تمام گناہوں کو معاف فرمادے۔ آمین
(2)… ’’دعا کیجئے۔‘‘ کہ یا اللہ عَزَّ وَجَلَّ ! میں تیری رضا کے لیے حسد سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتا ہوں ، تو مجھے اس باطنی بیماری سے شفا دے اور مجھے حسد سے بچنے میں استقامت عطا فرما۔ آمین
(3)… ’’رضائے الٰہی پر راضی رہیے۔‘‘ کہ رب عَزَّ وَجَلَّ نے میرے اس بھائی کو جو بھی نعمتیں عطا فرمائی ہیں وہ اس کی رضا ہے وہ ربّ عَزَّ وَجَلَّ اس بات پر قادر ہے کہ جسے چاہے جو چاہے جتنا چاہے جس وقت چاہے عطا فرمادے۔
(4)…’’حسد کی تباہ کاریوں پر نظر رکھیے۔‘‘ کہ حسد اللہ عَزَّ وَجَلَّ ورسول صَلَّی اللہُ تَعَا لٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی ناراضگی کا سبب ہے، حسد سے نیکیاں ضائع ہوتی ہیں ، حسد سے غیبت، بدگمانی، چغلی جیسے گناہ سرزد ہوتے ہیں ، حسد سے روحانی سکون برباد ہوجاتا ہے۔ وغیرہ وغیرہ
(5)…’’اپنی موت کو یاد کیجئے۔‘‘ کہ عنقریب مجھے بھی اپنی یہ زندگی چھوڑ کر اندھیری قبر میں اترنا ہے۔موت کی یاد تمام گناہوں بالخصوص حسد سے چھٹکارے کا بہترین ذریعہ ہے۔
(6)… ’’حسد کا سبب بننے والی نعمتوں پر غور کیجئے۔‘‘ کہ اگر وہ دنیوی نعمتیں ہیں تو عارضی ہیں اور عارضی چیز پر حسد کیسا؟ اگر دینی شرف وفضیلت ہے تو یہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی عطا ہے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی عطا پر حسد کرنا عقلمندی نہیں۔
(7)… ’’لوگوں کی نعمتوں پر نگاہ نہ رکھیے۔‘‘ کہ عموماً اس سے احساس کمتری پیدا ہوتا ہے جو حسد کا باعث ہے، اپنے سے نیچے والوں پر نظر رکھیے اور بارگاہِ ربُّ العزت میں شکر ادا کیجئے۔
(8)… ’’حسد سے بچنے کے فضائل پر نظر رکھیے۔‘‘ کہ حسد سے بچنا اللہ عَزَّ وَجَلَّ رسول صَلَّی اللہُ تَعَا لٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی رضا کا سبب، جنت کے حصول میں مُعاوِن، کل بروزِ قیامت سایہ عرش ملنے کا سبب بننے والے اعمال میں سے ایک ہے۔
(9)…’’اپنی خامیوں کی اصلاح میں لگ جائیے۔‘‘ کہ جب دوسروں کی خوبیوں پر نظر رکھیں گے تو اپنی اصلاح سے محروم ہوجائیں گے اور جب اپنی اِصلاح میں لگ جائیں گے تو حسد جیسے برے کام کی فرصت ہی نہیں ملے گی۔
(10)…’’حسد کی عادت کو رشک میں تبدیل کرلیجئے۔‘‘ کہ کسی کی نعمت کو دیکھ کر یہ تمنا مت کیجئے کہ یہ نعمت اس سے چھن کر مجھے مل جائے بلکہ یہ دعا کیجئے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کی اس نعمت میں مزید برکت عطا فرمائے۔
(11)…’’نفرت کو محبت میں بدلنے کی تدبیریں کیجئے۔‘‘کہ جس سے حسد ہے اس سے سلام میں پہل کرے، اسے تحائف پیش کرے، بیمار ہونے پر تعزیت کرے، خوشی کے موقع پر مبارک باد دے، ضرورت پڑے تو مدد کرے، لوگوں کے سامنے اس کی جائز تعریف کرے، جس قدر اسے فائدہ پہنچا سکتا ہو پہنچائے۔ وغیرہ وغیرہ
(12)…’’دوسروں کی خوشی میں خوش رہنے کی عادت بنائیے۔‘‘ کیونکہ یہ ربّ عَزَّ وَجَلَّ کی مشیت اور نظام قدرت ہے کہ اس نے تمام لوگوں کے رہن سہن، ان کی دی جانے والی نعمتوں کو یکساں نہیں رکھا تو یقیناً اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں کہ کسی کی نعمت چھن جانے سے وہ آپ کو ضرور مل جائے گی، لہٰذا حسد کے بجائے اپنے بھائی کی نعمت پر خوش رہیں۔
(13)… ’’روحانی علاج بھی کیجئے۔‘‘ کہ ہر وقت بارگاہ ربُّ العزت میں حسد سے بچنے کے لیے استغفار کرتے رہیے، شیطان کے مکروفریب سے پناہ مانگئے، جب بھی دل میں حسد کا خیال آئے تو اَعُوْذُبِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم پڑھ کر اپنے بائیں طرف تین بار تھو تھو کردیجئے۔
(14)… ’’مدنی انعامات پر عمل کیجئے۔‘‘ کہ آج کے اس پرفتن دور میں شیخ طریقت امیر اہلسنت دَامَت بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے عطا کردہ مدنی انعامات پر عمل کرنے سے اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّپا بندسنت بننے ،نیکیاں کرنے اور گناہوں سے بچنےکا جزبہ ملے گا۔(باطنی بیماریوں کی معلومات،صفحہ۵۰تا۵۳)
…..[1] الحدیقۃ الندیۃ ،الخلق الخامس عشر۔۔۔الخ ،ج۱ ،ص۶۰۰۔
…..[2] ابو داود، کتاب الادب، باب في الحسد، ج۴، ۳۶۰، حدیث: ۴۹۰۳۔
…..[3] الحدیقۃ الندیۃ، الخلق الخامس عشر۔۔۔الخ، ج۱،ص۶۰۱۔
Comments